پیام مصطفی کیا ہے؟ مسلماں بھول جاتے ہیں

شمیم عرفانی شعروسخن

نبی پاک کی جو عظمتِ شاں بھول جاتے ہیں

تو سچ پوچھو! متاع دین و ایماں بھول جاتے ہیں


شفیع المذنبیں، ختم الرسل، خیر البشر ہیں وہ

بھلا کیوں اس حقیقت کو یہ ناداں بھول جاتے ہیں


الجھ جاتے ہیں کیوں اکثر یہ خارستاںِ بدعت میں

پیام مصطفی کیا ہے؟ مسلماں بھول جاتے ہیں


نظر رکھتے ہیں اپنی اسوۂ خیر الوری پر ہم

پئے تعمیل حق، شمشیر و زنداں بھول جاتے ہیں


نہ ہو حب نبی میں جذبۂ طاعت، تو کیا حاصل؟

جنوں میں یہ حقیقت کیوں مسلماں بھول جاتے ہیں


نبی کے روئے انور کا تصور جب بھی ہوتا ہے

تو پھر ہم مہر و انجم، ماہ تاباں بھول جاتے ہیں


ہمیں جب باغ طیبہ کے مناظر یاد آتے ہیں

یقیں مانو! کہ پھر ہم باغِ رضواں بھول جاتے ہیں


نگاہوں میں بسا ہے یوں جمال وادی بطحا

کہ ہم دنیا کے سب رنگ بہاراں بھول جاتے ہیں


یہی قرآن ہے جب مطلع انوار ربانی

تو پھر کیوں لوگ یہ مہر درخشاں بھول جاتے ہیں


نبی کا نام آتے ہی عقیدت جھوم اٹھتی ہے

شمیم! ہر رنج و غم کو ہم ثنا خواں بھول جاتے ہیں

آپ کے تبصرے

3000