اے مرے خالق مرے آقا مرے پروردگار
تیرے ہی دم سے جہانِ رنگ و بو میں ہے نکھار
تیری قدرت کے کرشمے دیکھتے ہیں ہم مدام
تیری تسبیح و ثنا کرتی ہے خلقت صبح و شام
تو اکیلا ہے مرے مولا! ترا ثانی نہیں
سب کو حاصل ہے فنا بس ایک تو فانی نہیں
تیرے قبضے اور قدرت میں سبھوں کی جان ہے
تیری ہر شے پر نظر ہے یہ مرا ایمان ہے
بے سہاروں کا سہارا کون ہے تیرے سوا
ان کی دنیا کا اجالا کون ہے تیرے سوا
کون کرتا ہے حفاظت سب کی عز و جاہ کی
کون سرکوبی ہمیشہ کرتا ہے بد خواہ کی
ایک بھی پل کے لیے غافل کبھی ہوتا نہیں
ہے تری ہی شان مالک! تو کبھی سوتا نہیں
اپنے بندوں کی بھلائی چاہتا ہے تو سدا
کم نہیں ہوتی گنہ گاروں پہ بھی تیری عطا
مغفرت کا اپنی دروازہ کھلا رکھتا ہے تو
آسماں پر آکے دنیا کے صدا دیتا ہے تو
ہم ہی سوتے رہتے ہیں سنتے نہیں تیری صدا
بخش دیتا ہے مگر پھر بھی ہماری تو خطا
تیری رحمت کا کوئی اندازہ کر سکتا نہیں
بل ترے حق کا کوئی تا عمر بھر سکتا نہیں
تو ہی آتا ہے نظر بس خیر خواہوں میں ہمیں
ہے دعا رکھنا خدا! اپنی پناہوں میں ہمیں
ہاں خطا کرنے میں یہ انساں اگر مشہور ہے
بخش دینے میں مرا رب بھی سحر مشہور ہے
ماشاء اللہ بارک اللہ
بہت خوبصورت کلام سے نوازا ہے شیخ محترم نے
جزاک اللہ خیرا واحسن الجزاء