آپ سے پُر بہار گلشن ہے

پروفیسر زبیر احمد فاروقی شعروسخن

نظم بنام ڈاکٹر شمس کمال انجم

آپ کا گھر ادب کا گلشن ہے

دولت فکر و فن کا مخزن ہے


آپ تو شمس بھی ہیں انجم بھی

دن منور ہے رات روشن ہے


منبع علم آپ کا ہے حجاز

اور ہندوستان مسکن ہے


شاعری میں کمال رکھتے ہیں

نثر میں بھی رعایت فن ہے


شاعری ہو کہ نثر دونوں میں

بات کہنے میں اک نیا پن ہے


ترجمہ کا بھی خاص ہے اسلوب

بات واضح ہے لفظ روشن ہے


ہے نمایاں ہر ایک کاوش میں

وہ جو معیار فکر ہے فن ہے


آپ شعر وسخن کی بزم کی جان

آپ سے پُر بہار گلشن ہے


عشق عربی زباں سے کرتے ہیں

اور اردو تو دل کی دھڑکن ہے


سچ گیا موتیوں سے عربی کے

وہ جو اردو ادب کا دامن ہے


آپ سے علم و فن کا مستقبل

شمس و انجم کی طرح روشن ہے


آپ سے جو بھی مستفیض ہوا

علم کی راہ اس پہ روشن ہے


خوشہ چیں ہوں ادب کے گلشن کا

چند کلیاں ہیں اپنا دامن ہے

آپ کے تبصرے

3000