فن حدیث میں ٹیکنالوجی خدمات

عبدالرحمن عالمگیر علوم حدیث

موجودہ دور میں ٹیکنالوجی کی اہمیت وافادیت کسی سے مخفی نہیں ہے۔ یہ آج معلومات کی حصولیابی اور جانکاری کی فراہمی کا سب سے تیز ترین وسیلہ ہے۔ جس کے پیش نظر دنیا کا ہر فرد ٹیکنالوجی کے جہان میں اپنا اثرورسوخ قائم کرنے کی کوشش میں ہے۔ چاہے وہ تجارت سے جڑا ہو یا سیاسی یا تعلیمی تنظیم کا حصہ ہو۔ غرض ہر کوئی اپنے مقاصد کی ترویج میں اس کو ایک اہم ذریعہ کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ اگر ہم صرف تعلیمی ناحیہ سے دیکھیں تو طب، انجینئرنگ، معاشیات اور فنون لطیفہ وغیرہ کا ٹیکنالوجی بحرِ بے کراں بن گیا ہے، جہاں پر ان علوم و فنون کی معلومات کی بہتات ہے۔ چنانچہ حدیث نبوی ان تمام چیزوں سے زیادہ حقدار ہے کہ اس کی اشاعت میں ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے اور اس کو عام کرنے میں اقتصادی و مادی قوتیں صرف کی جائیں کیونکہ یہ اشرف العلوم ہے۔ نیز مسلمان اس کے سب سے زیادہ ضرورت مند ہیں کہ ان کی رہنمائی کے لیے عصری اسلوب اپنایا جائے۔ اگر تاریخ کا جائزہ لیا جائے تو معلوم ہوگا کہ انبیائے کرام اور واعظین عظام نے زمانے کی نزاکت کا خیال رکھتے ہوئے اپنے دعوتی انداز کو بدلا اور اس دور کے متوفر وسائل کی مدد سے امر بالمعروف و نہی عن المنکر کا فريضہ انجام دیا۔ پہلے پہل دعوت الی اللہ کا مکمل انحصار زبان و بیان پر تھا لیکن جب تحریر کو ترقی ملی تو قلم و کاغذ دینی کاز کا ایک اٹوٹ حصہ بن گیا۔ پھر جب مائک، ویڈیوز، ٹی وی اور کمپیوٹر کی نوع بنوع ایجادات سامنے آئیں تو علما نے اپنے وعظ و نصیحت کے لیے ان ذرائع کو آلہ کار بنایا۔ بنابریں آج جب ٹیکنیکل آلات کا زمانہ ہے تو ہمیں بھی ان کے توسط سے فن حدیث کی ترویج و اشاعت میں آگےبڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔

وقت کے تقاضے کو سمجھتے ہوئے بعض دانش مند اہل علم نے ٹیکنالوجی اور حدیث نبوی کے درمیان روابط قائم کیے ہیں۔ دونوں کے جوڑ سے بیسویں صدی عیسوی میں علم حدیث کی اشاعت میں عظیم انقلاب آیا۔ اس کی مدد سے ڈاکٹر محمد مصطفی اعظمی نے ۱۹۸۳ء میں سنن ابن ماجہ کی اور ڈاکٹر محمود المیرۃ نے مستدرک حاکم کی فہرست سازی کی، نیز ڈاکٹر حسین نعیمی نے ۱۹۹۰ء میں سنن دارقطنی کی حدیثوں کی سلسلہ وار نمبرنگ اور کلمات، اعلام اور حدیثوں کی علیحدہ علیحدہ فہرستیں تیار کیں۔( مجلة مركز البحوث السنة والسيرة، آٹھواں شمارہ ۱۹۹۵- ۱۹۹۴ء الحاسوب في خدمة السنة النبوية المطهرة از احمد شرف الدین احمد: ص ۲۷۵- ۲۷۲ سے مستفاد)

اسی طرح بہت سارے علمائے کرام نے کتب حدیثیہ کی کمپیوٹرائز کتابت، سلسلہ وار نمبرنگ اور بہترین طباعت کے لیے ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا۔ عالم عرب کے بعض اہل ثروت نے مرورایام کے ساتھ ساتھ حدیث اور علوم حدیث کی خدمت کے لیے کمپیوٹر پر مبنی ایپلیکیشن تیار کیے، جن میں سے کئی انٹرنیٹ سے مفت ڈاؤن لوڈ کیے جاسکتے ہیں۔ بعض سافٹ ویئر کی سی ڈی عرب ممالک میں تقسیم کی جاتی ہیں اور بعض کی سی ڈیاں بازار سے خریدنی ہوتی ہیں۔

ہر سوفٹ ویئر کی اپنی الگ الگ خصوصیت ہے۔ ہم تفصیل سے گریز کرتے ہوئے صرف ان کا نام اور ان کی نوعیت ذیل میں ذکر کر رہے ہیں:

نوعیت سوفٹ ویئر کا نام تیار کردہ
احادیث برنامج الكتب التسعة للحديث الشريف حرف کمپنی
؍؍ برنامج جامع الحدیث النبوي ایجیکوم روایہ کمپنی
؍؍ برنامج الحدیث الشریف انجینئرنگ کمپنی برائے کمپیوٹر
؍؍ برنامج جوامع الکلم افق سافٹ ویئر کمپنی
؍؍ برنامج الكتب السنة شركة المكنز لعلوم السنة
؍؍ الموسوعة الذهبية للحديث وعلومه مرکز التراث لأبحاث الآلي
؍؍ المكتبة الألفية للسنة النبوية مركز التراث لأبحاث الآلي
؍؍ برنامج اللؤلؤ والمرجان فيما اتفق عليه الشيخان زراب سافٹ ویئر کمپنی
؍؍ برنامج البيان فيما اتفق عليه الشيخان حرف کمپنی
؍؍ برنامج رياض الصالحين انجینئرنگ کمپنی برائے کمپیوٹر
؍؍ برنامج صفوة الأحاديث حرف کمپنی
؍؍ برنامج مكتبة صحيح السنة مکہ کمپنی برائے سافٹ ویئرس
؍؍ برنامج الأحاديث الصحيحة مركز التراث برائے کمپیوٹر ریسرچ
؍؍ برنامج صحيح الإمام البخاري مركز التراث برائے کمپیوٹر ریسرچ
؍؍ برنامج صحيح الإمام مسلم مرکز التراث برائے کمپیوٹر ریسرچ
؍؍ برنامج رياض الصالحين البشائر کمپنی
؍؍ برنامج الموسوعة الشاملة المكتب التعاوني للدعوة
علم رجال موسوعة الرجال نور کمپنی
؍؍ موسوعة الرجال افق سافٹ ویئر کمپنی
؍؍ حياة الإمام البخاري خلیفہ کمپیوٹر گروپ
؍؍ تاریخ دمشق مركز التراث لأبحاث الآلي
تخریج حدیث موسوعة التخريج الكبرى والأطراف الشاملة مركز التراث لأبحاث الآلي
؍؍ برنامج تحفة الأشراف بمعرفة الأطراف عرب سافٹ ویئر کمپنی
شروح حدیث شرح الأربعين حديثا النبوية خلیفہ کمپیوٹر کمپنی
؍؍ شرح الأربعين حديثا النبوية مركز التراث لأبحاث الآلي
؍؍ جامع العلوم والحكم مركز التراث لأبحاث الآلي
مصطلح حدیث مكتبة علوم الحديث مركز التراث لأبحاث الآلي
ضعیف احادیث موسوعة الأحاديث الضعيفة والموضوعة مركز التراث لأبحاث الآلي
احادیث قدسیہ موسوعة الأحاديث القدسية انجینئرنگ کمپنی برائے کمپیوٹر
؍؍ موسوعة الأحاديث القدسية الصحيحة الیسر انفارمیشن سسٹم کمپنی
محمد ﷺ کی وصیتیں وصايا الرسول ﷺ للشعراوي مصری سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ کمپنی
؍؍ وصايا الرسول ﷺ سہل کمپنی
؍؍ الجامع لأوصاف الرسول ﷺ اراب سافٹ ویئر کمپنی
علمی اعجاز مكتبة الإعجاز العلمي في السنة النبوية مکہ سافٹ ویئر کمپنی

(مستفاد: المجلة الدولية للتطبيقات الإسلامية في علم الحاسب والتقنية، جلد: ۲، شمارہ: ۳۵، ستمبر ۲۰۱۴ء، بعنوان: التقنیة الحدیثیة و دورھا فی خدمة السنة النبویةبقلم مدحت عبد الباری محمد و ہشام البطا یحیی السبع)

یہ تھے حدیث پر مبنی چند کمپیوٹر پروگرام، اب آئیے ایک نظر موبائل ایپ پر ڈالتے ہیں۔ یہاں ہم پہلے کچھ ایپ کا مختصر تعارف کروائیں گے پھر اس نوعیت کی دوسرے ایپ کا ضمنا ذکر کریں گے۔

جامع الكتب التسعة:

حدیث کی خدمت کرنے والاسب سے اچھا آف لائن ایپ ہے۔ اس میں صحیح بخاری، صحیح مسلم، سنن ابو داود، سنن ترمذی، سنن نسائی، سنن ابن ماجہ، موطأ مالک، سنن دارمی اور مسند احمد کو ان کی بہترین شروحات کے ساتھ مربوط کرکے پیش کیا گیا ہے۔ ان سہولیات کی وجہ سے طالبان علوم نبوت کے لیے حدیثوں سے استفادہ بہت آسان ہوگیا ہے۔ وہ اس کی مدد سے بڑی آسانی سے کسی روایت کی تخریج بھی کرسکتے ہیں۔ تخریج کو آسان بنانے کے لیے اس میں موجود کتابوں سے خود کارانہ طور پر ایک کلک کے ذریعہ تخریج کے نتائج سامنے آ جاتے ہیں۔

اسلام ۳۶۰ (Islam 360):

یہ اردو، ہندی اور انگریزی کا سب سے بہترین حدیث سرچ انجن ہے۔ یہ بنیادی طور پر ایک مسلمان کی زندگی کی روزمرہ کی ضرورتوں کو مہیا کرنے کا کام کرتا ہے۔ اگر صرف اس کے نام پر غور کیا جائے تو بات واضح ہوجائے گی، اس ایپ کا نام اسلام ۳۶۰ ہے، ریاضی میں ۳۶۰ کا عدد مکمل دائرہ کے احاطہ کو واضح کرتا ہے۔ یعنی جس طرح ایک مکمل دائرہ ہوتا ہے اسی طرح یہ ایپ مسلمانوں کی مکمل دینی رہنمائی کی کوشش کرتا ہے۔ اس میں جہاں اسلام سے متعلق مختلف چیزیں شامل ہیں وہیں احادیث نبویہ کا ایک بڑا ذخیرہ اکٹھا کر دیا گیا ہے۔ اس ایپ کے موجد زاہدحسین چپا نے احادیث نبویہ پر اور بھی کئی ایپلیکیشن (Applications) تیار کیے ہیں۔ جن میں سے چند یہ ہیں:

۱: سرچ حدیث صحیح بخاری Search Hadees (Bukhari)
۲: سرچ حدیث صحیح مسلم Search Hadees (Muslim)
۳: سرچ حدیث سنن ابو داود Search Hadees (Abu Dawood)
۴: سرچ حدیث سنن ترمذی Search Hadees (Tirmizi)
۵: سرچ حدیث سنن نسائی Search Hadees (Nasai)
۶: سرچ حدیث سنن ابن ماجہ Search Hadees (Ibne Majah)

اسلام ۳۶۰ میں صحیحین، سنن اربعہ، سلسلہ صحیحہ للألبانی، مسند احمد اور مشکاۃ المصابیح کی کسی بھی حدیث کو اس کے اردو، ہندی یا انگریزی ترجمہ یا اس کے حدیث نمبر یا راوی سے تلاش کر سکتے ہیں۔ اس کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ اس کی ہر حدیث پر علامہ البانی رحمہ اللہ کی تصحیح و تضعیف کا حکم لگا ہوا ہے۔

ایزی قرآن و حدیث (Easy Quran wa Hadees):

یہ ایپ بھی پچھلے سافٹ ویئر کی طرح صرف حدیث نبوی کے لیے خاص نہیں ہے بلکہ یہ اس کے ساتھ ساتھ احسن الحدیث (القرآن) کی بھی خدمت کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ اگر یہ کہا جائے تو مبالغہ نہیں ہوگا کہ قرآن کے اردو تراجم وتفاسیر کے لیے اس سے بہتر کوئی سروس ٹیکنالوجی کی دنیا میں دستیاب نہیں ہے۔ اس ایپ کی ایک خاصیت یہ ہے کہ اس میں بلاتفریق مسلک و ملت ہر نقطہ نظر کے حامل افراد کی تفاسیر اور ان کے یہاں رائج کتب حدیثیہ کو جمع کردیا گیاہے۔ صحیحین، سنن اربعہ، موطأ امام مالک، مسند احمد، شمائل ترمذی، مشکاۃ المصابیح، سنن دارمی، صحیفہ ابن ہمام، موطأ امام محمد، سنن ابن ابی شیبہ، سنن کبری للبیہقی، شرح معانی الآثار للطحاوی، کنز العمال، سنن دار قطنی اور نہج البلاغہ للشریف الرضی (اہل تشیع) جیسی اہم کتابوں کو عربی متن کے ساتھ ان کا نہایت سلیس اردو ترجمہ بھی پیش کیا گیا ہے۔

بعد ازیں اس نوعیت کے دوسرے ایپ پر ایک طائرانہ نگاہ ڈال لیتے ہیں۔ ہم قارئین کے سامنے ایسے موبائل پروگرام کا نام اردو میں لکھنے کے ساتھ ساتھ اس رسم الخط کو بھی ذکر کرنے کی کوشش کریں گے جس انداز میں ان کا نام گوگل پلے اسٹور پر موجود ہے تاکہ اسے آئندہ تلاشنے میں آسانی ہو۔

اردو میں نام گوگل پلے اسٹور کے مطابق نام متوفر زبان
اسلام ون Islam One – Quran, hadees, seerah, fiqhe sunnah عربی، اردو، انگلش
صحیح بخاری شریف Sahih Bukhari Shareef- Arabic, Urdu, English عربی، اردو، انگلش
صحیح مسلم شریف Sahih Muslim Shareef – Arabic, Urdu, English عربی، اردو، انگلش
سنن ابو داود Sunan Abu Dawud- Urdu and English translation اردو، انگلش
سنن ترمذی Sunan at Tirmidhi Shareef-Arabic,Urdu, English عربی، اردو، انگلش
سنن ابن ماجہ Sunan Ibn Majah- Urdu and English translation اردو، انگلش
مسند امام احمد Musnad Imam Ahmad-Arabic with Urdu translation عربی، اردو
موطا امام مالک Muwatta Imam Malik-Urdu and English translation عربی، اردو، انگلش
حدیث کلیکشن Hadith Collection (13 Boooks) عربی، انگلش
جامع الحدیث Gamea Elhadith عربی
موسوعۃ الحدیث                           موسوعة الحديث- اسلام ویب عربی
موسوعۃ الحدیث موسوعۃ  الحديث (Fekra Computers) عربی
الموسوعة الحديثية الموسوعة الحديثية(dorar net) عربی
موسوعۃ الحديث الشريف موسوعة الحديث الشريف- الأزهر الشريف عربی
الباحث الحديثي الباحث الحديثي(Sunnah.one) عربی
موسوعة الأحاديث موسوعة الأحاديث النبويةالصحيحة عربی
تسهيل الوصول للحديث تسهيل الوصول للحديث عربی
الألباني للحديث الألباني للحديث Albani صحيح وضعيف الأحاديث عربی
رجال الحديث رجال الحديث عربی
الحديث الشريف الحديث الشريف  (Masaha Team) عربی
الباحث الحديثي بدون نت الباحث الحديثي بدون نت، لإعلانات  mp30hadeeth search عربی
أحاديث منتشرة لا تصح أحاديث منتشرة لا تصح عربی
صحيح البخاري صحيح البخاري (Al-Reda) عربی
صحيح مسلم صحيح مسلم (Al-Reda) عربی
سنن ابو داود سنن أبي داود (Al-Reda) عربی
سنن ترمذی سنن الترمذي (Al-Reda) عربی
سنن نسائی سنن النسائي (Al-Reda) عربی
سنن ابن ماجہ سنن ابن ماجه (Al-Reda) عربی
موطا مالک موطأ الإمام مالك (Al-Reda) عربی
سنن دارمی سنن الدارمي (Al-Reda) عربی
سنن دار قطنی سنن الدارقطني (Al-Reda) عربی
المعجم الصغیر المعجم الصغير (Al-Reda) عربی
حدیث کلیکشن Hadith Collection (All in One) عربی، انگلش
کتب ستہ Kutubus Sittah عربی، انڈونیشیائی
الحدیث بنگلہ
بنگلہ حدیث Bangla Hadith بنگلہ

انسائیکلوپیڈیا کے طرز پر آن لائن بہت ساری ویب سائٹیں تیار کی گئی ہیں۔ جن کے ذریعہ حدیثوں کی تلاش و معرفت بہت آسان ہو گئی ہے۔ ان میں سے بعض کا تذکرہ ذیل میں کیا جارہا ہے:

Dorar.net/Hadith:

الدرر السنیۃ فاؤنڈیشن نے کئی سارے آن لائن دائرۃ المعارف تیار کیے ہیں جن میں سے دو کا تعلق فن حدیث سے ہے:(۱) الموسوعۃ الحدیثیۃ (۲) أحادیث منتشرۃ لا تصح۔ پہلا والا بہت جامع ہے، جو ۶۰۳ معتبر کتابوں سے حدیث تلاش کر کے نتائج دیتا ہے۔ اس ویب سائٹ پر احادیث کے ساتھ ساتھ ان تمام محدثین کا مختصر تعارف بھی موجود ہےجن کی کتابوں سے حدیث تلاشنے کے بعد نتائج سامنے آتے ہیں، یا ان احادیث پر جن کا حکم یا تحقیق ہوتی ہے۔ اسی سائٹ پر حدیث سے متعلق دوسرا صفحہ ”أحادیث منتشرۃ لا تصح“کے نام سے ہے۔ جس کے تحت ۱۳۱۲ زبان زد ضعیف و موضوع روایتوں کو جمع کیا گیا ہے۔

Sunnah.oneالباحث الحديثی:

یہ بھی آن لائن حدیث تلاشنے کی اچھی سائٹ ہے جو الدرر السنیۃ کے الموسوعۃ الحدیثیۃ سے مربوط ہے۔

Sunnah.com:

یہ اپنی نوعیت کی بہترین سائٹ ہے، اس پر ۱۳ چھوٹی بڑی حدیث کی کتابیں اور ان کا ترجمہ انگلش اور اردو میں موجود ہے۔ گوگل پلے اسٹور پر موجود بہت سارے اردو و انگریزی ایپ نے ڈاٹا اسی ویب سائٹ سے اخذ کیا ہے۔ صحیحین، سنن ترمذی، سنن نسائی، سنن ابن ماجہ، موطأ امام مالک، اربعین نووی، ریاض الصالحین، الأدب المفرد، الحدیث القدسی، شمائل محمدیہ اور بلوغ المرام کی کسی بھی حدیث کے متن یا ترجمہ کو تلاش کیا جاسکتا ہے، اور اس کے نتائج آسانی سے نقل (کاپی)کیے جا سکتے ہیں۔

Islam-db.com:

قاعدۃ البیانات الاسلامیۃ کی سائٹ پر چار طرح کی خدمات ہیں، جن میں سے دو کا تعلق فنِ حدیث سے ہے:(۱) اسلامی لائبریری (المكتبة الإسلامية)،یہ بھی مکتبہ شاملہ کے طرز پر آن لائن لائبریری ہے۔ اس پر فن حدیث کی تقریبا تمام فروع پر کتابیں موجود ہیں۔ اس کا خصوصی لنک books.islam-db.com/books ہے۔ (۲)موسوعۃ الحدیث:یہ ایک ناحیہ سے المکتبۃ الاسلامیۃ کی فرع ہے۔ وہاں جو بھی کتابیں علوم حدیث سے متعلق تھیں ان کو علیحدہ علیحدہ عنوان کے ساتھ یہاں جمع کر دیا گیا ہے، اور چند ایسے موضوعات کو بھی شامل کیا گیا ہے جن کا براہ راست موسوعۃ الحدیث سے تعلق نہیں ہے۔ جیسے: علوم القرآن، عقیدہ اور فقہ وغیرہ۔ اس پیج کا مستقل لنک یہ ہے: hadith.maktaba.co.inاور hadith.islam-db.com۔

el-eman.com:

یہ ویب سائٹ دینی علوم کے مختلف فنون پر مشتمل ہے۔ جن میں سے ایک فن حدیث بھی ہے جس کے تحت ۸۸۱۰ فائلیں اور ۵۲ کتابیں ہیں۔ اس سائٹ کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ صحیحین اور سنن ترمذی وغیرہ کی آڈیو شرح عربی زبان میں اپلوڈ کی گئی ہے۔

ahlehadeeth.com:

ملتقی اہل الحدیث:یہ اہل علم کا فورم ہے جس پر سلفی منہج کے علما و طلبہ مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کرتے ہیں۔ اس پلیٹ فارم پر جہاں بہت سارے موضوعات پر گفتگو ہوتی ہے وہیں تخریج، دراسۃ الأسانید، علوم الحدیث اور حدیث کے دیگر گوشے موضوعِ سخن بنتے ہیں۔

hadeethenc.com:

موسوعۃ الأحادیث المترجمۃ:یہ بہت ہی بہترین multi lingualآن لائن سروس ہے جو روزمرہ پیش آنے والی حدیثوں کا دنیا کی مختلف زبانوں انگریزی، اردو، فرانسیسی، ہسپانوی، ترکی، انڈونیشیائی، بنگالی، چینی اور فارسی میں ترجمہ، مشکل الفاظ کے معانی، مستنبط فوائد و مسائل اور متعلقہ حدیث کے دوسرے مراجع ومصادر کی طرف رہنمائی کرتی ہے۔ اس پروجیکٹ کے تحت کوئی خاص حدیث کی کتاب نہیں ہے، بلکہ زمرہ وار زندگی کے مختلف پہلوؤں کے مطابق حدیثوں کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ اس طرح حدیث کی جزوی خدمت کرنے والی اور بھی کئی ساری ویب سائٹیں ہیں، جیسے: hadithoftheday.com۔

shamilaurdu.com مکتبہ شاملہ (اردو):

اس کا پرانا نام مکتبۃ السنۃتھا۔یہ مکتبہ شاملہ کے طرز پر آن لائن اردو لائبریری ہے۔ اس میں ہر وہ خصوصیت شامل کرنے کی کوشش کی گئی ہے جو سہولتیں مکتبہ شاملہ عربی میں موجود ہیں۔ یہ ابھی ترقی کے مراحل میں ہے۔ اب تک اس میں دوسری اہم کتابوں کے علاوہ کتب ستہ مع اردو ترجمہ اپ لوڈ کی گئی ہیں۔ اس کا موبائل ایپ بھی دستیاب ہے۔

اوپر ذکر کردہ ویب سائیٹوں کے علاوہ بہت ساری ایسی خدمات ہیں جن کے پروجیکٹ میں احادیث کو ٹیکنیکل روپ میں پیش کرنا شامل ہے۔ ایسے تمام ویب پیج کی خصوصیات مذکورہ فیچر سے قدرے مختلف ہونے کے باوجود یکسانیت پائی جاتی ہے۔ اس لیے ہم آئندہ سطروں میں چند ایسے ویب سائٹ کا لنک اور ان پر موجود احادیث یا ان کے تراجم جن زبانوں میں متوفر ہیں بس انھی معلومات کے ذکر پر اکتفا کریں گے۔

لنک زبان
Qaalarasulullah.com عربی، انگریزی
Muflihun.com عربی، انگریزی
Islamicfinder.org/hadith عربی، انگریزی
HadithUrdu.com عربی، اردو، انگریزی
Ahadith.net عربی، اردو، انگریزی
Urdupoint.com/Islam/hadees-books.html عربی، اردو
Islamiuloom.com/ahadeeth-nabwi-SAW.pnp عربی، اردو
Mohaddis.org عربی، اردو
Hadith.com عربی
Sonnaonline.com عربی
Islamport.com عربی
Albani.com عربی
Islamweb.net/at/library/index.php?page=bookslistssubject=1 عربی
Hadithcollection.com انگریزی
Searchtruth.com انگریزی
Alim.org انگریزی
Ahadith.co.in انگریزی
Sahihbukhari.com انگریزی
Theonlyquran.com/hadith انگریزی
Quranexplorer.com/hadithebook/english/index.html انگریزی
Hadith portal.com عربی، انگلش، فرانسیسی،  اردو، انڈونیشیا
Muhaddis.org ترکش

ایسے بے شمار مواقع ہونے کے باوجود جس طرح دیگر علوم و فنون کے ماہرین ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہیں اس طرح ہمارے دینی مدارس کے طلبہ اس کا کماحقہ استعمال نہیں کرتے۔ اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ دینی علوم کے متخصصین کو ان چیزوں کا علم نہیں ہوتا۔ ان کے یہاں کہیں نہ کہیں ایک طرح کی فکری پسماندگی پائی جاتی ہے جو انھیں ان چیزوں کے قریب آنے سے روکتی ہے کہ کہیں یہ یہودی شکنجہ نہ ہو۔ اہل مدارس تقلیدی نظام تعلیم کو عصری تقاضوں کے موافق بنانے سے ہچکچاتے ہیں۔ ضرورت ہے کہ مدارس و کالج (Colleges) میں ایسے الیکٹرانک برنامج کا تعارف کروایا جائے اور ان کے استعمال پر ورکشاپ (Work shop) کا انعقاد کروایا جائے، تاکہ App Developer اور Userکے درمیان راہیں ہموار ہوں۔ اس قسم کا کام اجتماعیت چاہتا ہے۔ اگر ڈیولوپر ایپ تیار کر رہا ہے تو وہیں اس کو استعمال کرنے والوں کی بھی بڑی تعداد چاہیے تاکہ انھیں معلوم ہو کہ ان کی خدمات سے کتنے لوگ استفادہ کر رہے ہیں۔ ان کے ایپ یا ویب سائٹ کے تعلق سے لوگوں کی کیا رائے ہے۔ جس کے مطابق وہ اس کو اپ ڈیٹ کر سکیں۔ اگر جائزہ لیا جائے تو معلوم ہوگا کہ اس نوعیت کے کام کو خصوصا برصغیر میں عوام بلکہ اسلامی تنظیموں کی جانب سے سراہا نہیں جاتا۔ لیکن وہیں دوسرے عام ایپ کو چہار جانب سے داد تحسین ملتی رہتی ہے۔ کبھی بالواسطہ تو کبھی بلا واسطہ، کبھی کثرت مستفیدین سے تو کبھی ہمت افزا تبصروں سے حوصلہ ملتا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ جو لوگ ٹیکنالوجی کی دنیا میں دین کی خدمت کر رہے ہیں ان کا ہر ممکن تعاون کریں، اچھے ریویو (Review) دیں، ان کو عطیہ دیں اور اگر ہو سکے تو اپ گریڈ یا پرو (Upgrade & pro) ورژن خریدنے کی کوشش کریں۔ اسی طرح انفارمیشن ٹیکنالوجی کی پروگرامنگ کرنے والوں کو بھی چاہیے کہ وہ اس معاملہ میں مکمل خلوص و للہیت کا مظاہرہ کریں۔ بعض ڈیولپر کو دیکھا جاتا ہے کہ ایسے اشتہارات (Ads) کی اجازت دے دیتے ہیں، جس کی وجہ سے فحش اشتہارات آتے ہیں۔ ایک طرف آدمی قرآن وحدیث کی تعلیم حاصل کر رہا ہوتا ہے تو وہیں اسکرین کے ایک گوشہ میں عریاں تصاویر نمودار ہوتی رہتی ہیں۔

ای مدرسہ کی ویب سائٹ emadrasah.in پر بھی تیزی سے دیگر اسلامی علوم کے ساتھ حدیث پر کام جاری ہے۔ اللہ اس کام کو پایہ تکمیل تک پہنچائے۔ آسانی کی سبیل پیدا کرے۔ آمین

اے اللہ ہمیں اسلام کی نشرو اشاعت میں قدیم وجدید ہرطرح کے وسائل کو بروئے کار لانے نیز خاص و عام کو اس سے استفادہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

آپ کے تبصرے

3000