امام مہدی کا ظہور: دلائل اور حقائق

ذکی نور عظیم ندوی عقائد و نظریات

دنیا میں جب کبھی اتھل پتھل مچتی ہے، حالات خراب ہوتے ہیں ظلم و زیادتی، مار پیٹ، لوٹ کھسوٹ کا دور دورہ ہوتا ہے اور ابتری و بے اطمینانی شباب پر ہوتی ہے تو ایسے موقعوں پر امام مہدی کے ظہور کے چرچے اور کبھی کبھی بے بنیاد دعوے شروع ہو جاتے ہیں۔

کووڈ ١٩ کی وجہ سے پوری دنیا میں عام نظام زندگی مفلوج ہونے خاص طور پر حرمین شریفین اور دیگر مساجد میں جمعہ اور باجماعت نمازوں کے موقوف ہونے کے بعد علامات قیامت، خاص طور پر امام مہدی کا ظہور، حضرت عیسی علیہ السلام کی دوبارہ آمد، دجال، یاجوج ماجوج اور دیگر مسائل ایک بار پھر موضوع بحث بن گئے۔ یہی نہیں بلکہ مشہور پیر پیر ذوالفقار علی نے نہ جانے کن اسباب و دلائل کی بنیاد پر یہاں تک کہہ دیا کہ ان کے خیال سے امام مہدی پاکستان سے ظاہر ہوں گے۔
لہذا صحیح دلائل اور نصوص کی روشنی میں ان مسائل خاص طور پر اس سلسلے کی سب سے پہلی کڑی امام مہدی کے ظہور کا جائزہ نہایت ضروری ہے۔

امام مہدی کا تذکرہ یقینا قرآن کریم میں نہیں ہے۔ لیکن کتب حدیث میں ان کا تذکرہ کثرت سے ملتا ہے یہاں تک کہ بعض معتمد اور قابل اعتبار علماء و محدثین نے ان حدیثوں کو معنوی اعتبار سے متواتر قرار دیا ہے۔
بہت سے علماء و محدثین نے ان حدیثوں کو جمع کرنے اور اس کی تحقیق کرنے کی کوشش کی ہے انہی میں سے ایک عم محترم ڈاکٹر عبدالعلیم عبدالعظیم بستوی رحمۃ اللہ علیہ ہیں۔ ان کی تحقیق کے مطابق امام مہدی سے متعلق احادیث کی تفصیلات کچھ اس طرح ہیں:
1 – کل احادیث 338
2 – موضوع اور ضعیف احادیث 264
3 – احادیث جن کی سند نہ مل سکی 28
4 -احادیث صحیحہ 46

اور صحیح احادیث کی تفصیلات کچھ اس طرح ہے:
1 – مرفوع اور صریح حدیثیں 8
2 – مرفوع لیکن غیر صریح 22
3 – صحابہ تابعین اور تبع تابعین کے صریح آثار 11
4 – غیر صریح آثار 5

صحیح احادیث سے ثابت امام مھدی کی تفصیلات:
1- ان کا اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا نام ایک ہوگا۔ (محمد)
2- ان کے اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے والد کا نام بھی ایک ہوگا۔ (عبد اللہ)
3- وہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے اہل بیت یعنی خاندان سے ہوں گے۔
4- وہ حضرت فاطمہ رضی اللہ تعالی عنہا کی نسل سے ہوں گے۔
5- ان کی پیشانی کشادہ اور ناک اونچی ہوگی۔
6- ایک ہی شب میں اللہ تعالی ان کے لیے حالات سازگار اور ان کی حیثیت کو واضح کردیں گے۔
7- ان کی خلافت سے پہلے روئے زمین پر ظلم و زیادتی کا دور دورہ ہوگا۔
8- وہ عدل و انصاف قائم کریں گے۔
9- امام مہدی کی بیعت حجر اسود اور مقام ابراہیم کے درمیان ہوگی۔
10- امام مہدی کی خلافت سات، آٹھ یا نو سال رہے گی۔
11- وہ آخری زمانے میں نمودار ہوں گے۔
12- وہ خراسان کی طرف سے کالے جھنڈوں میں آئیں گے۔
13- الله تعالى ان پر اپنی رحمت یعنی بارش نازل فرمائیں گے۔
14- زمین سے اچھی پیداوار ہوگی۔
15- چوپایوں اور جانوروں کی کثرت ہوجائے گی۔
16-امت کو عظمت و سربلندی ملےگی۔
17- برابری اور مساوات کے ساتھ مال تقسیم کریں گے۔
18- بغیر گنے اور شمار کیے مال دیں گے۔
19- حضرت عیسی علیہ السلام ان کی امامت میں نماز ادا کریں گے۔
20- امام مہدی سے جنگ کرنے والی فوج ہی زمین میں دھنسائی جائے گی۔
21- حضرت عیسی اور دجال کا ظہور امام مہدی کے ظہور کے بعد ہوگا۔

آپ کے تبصرے

3000