دل میں ہم نے پال رکھی ہے محبت آپ کی
خلد لے کر جائے گی ہم سب کو الفت آپ کی
کس قدر سب سے جدا ہے شان و عظمت آپ کی
ہے مقدم سب رسولوں پر امامت آپ کی
کھل اٹھیں کلیاں بھی اور تاریکیاں بھی چھٹ گئیں
جب ہوئی اس دارظلمت میں ولادت آپ کی
جس نے دیکھا آپ کو وہ آپ کا ہی ہو گیا
رب نےکچھ ایسی بنائی پیاری صورت آپ کی
اب نہ آئے گا جہاں میں اور کوئی بھی نبی
’’حشر تک جاری و ساری ہے نبوت آپ کی‘‘
سُر خرو دونوں جہاں میں وہ یقینا ہو گیا
دل سے اپنا لی ہے جس نے بھی طریقت آپ کی
مشکلوں کا گرچہ اظہرؔ ہو بھی جائے سامنا
ہر گھڑی بس صدق دل سے ہو اطاعت آپ کی
آپ کے تبصرے