ہر وقت میرے لب پہ درود و سلام ہے

نذیر اظہر کٹیہاری شعروسخن

سارے رسل میں جس کا معزز مقام ہے

دنیا و آخرت میں وہ سب کا امام ہے


امت کے واسطے یہ ہوا اہتمام ہے

’پیارے نبی کے ہاتھ میں کوثر کا جام ہے‘


تشریف لائے طیبہ تو کہنے لگے سبھی

کیا بات ہے کہ آج یہاں دھوم دھام ہے


قرآن پاک جس پہ اتارا رحیم نے

وہ مقتدی و مجتبی خیر الانام ہے


فضل حبیب دیکھیے اب ہر اذان میں

ذکر خدا کے ساتھ محمد کا نام ہے


بے حد و بے حساب جزا ہے اسی لیے

ہر وقت میرے لب پہ درود و سلام ہے


اظہرؔ بیاں میں ان کا بھلا وصف کیا کروں

تعریف میں ہی جن کی خدا کا کلام ہے

آپ کے تبصرے

3000