الدکتور / محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

صلاح الدین مقبول احمد مدنی شعروسخن

فضیلہ الشیخ الدکتور / محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ
(۱۹۴۳-۲۰۲۰ء)
(بانی و صدر جامعہ امام ابن تیمیہ، مشرقی چمپارن، بہار)


قرینِ علم ودانش، بحث وتحقیقاتِ لاثانی

رفیقِ شرحِ سنت، جذبۂ تفسیرِ قرآنی

نقیبِ فکرِ تیمیؔ، صحبتِ بن بازؔ والباؔنی

انھی جملوں میں مخفی ہیں سبھی اوصاف لقماؔنی


عروجِ آدم خاکی کا وہ نادر نمونہ ہے

وہ مردِ منفرد عرب وعجم میں ایک گونہ ہے


ادبؔ، تاریخؔ، فقہؔ و سنتؔ و سیرتؔ کا دِل دادہ

ہوئی تفسیرؔ کامل، جب ہوا دل اس پہ آمادہ

ہوئے نہ اپنی منزل میں کبھی مایوس و درماندہ

رہے ہیں وہ جہاں بھی گویا شہزادوں میں شہزادہ


رہی علم و ہنر اور دین و ایماں کی فراوانی

تعجب کیا، رہی دنیائے دوں بھی ان کی دیوانی


گزاری عمر اپنی علم وفن کے لالہ زاروں میں

ہے ذکرِ شاہ کاری ان کا، علمی شاہ کاروں میں

نمایاں ذوق وشوق علم تھا ان کا ہزاروں میں

جو کچھ سیکھا مجسم کر دیا اپنے اداروں میں


ہے وجہِ دل کشی ودل ربائی ان کی یہ خوبی

کبھی بھولی نہیں جائے گی ان کی شانِ محبوبی


ملی جو صحبتِ بازی ؔسے ان کو علم ودانائی

انھیں حاصل ہوئی پھر دین ودنیا کی توانائی

شگفتہ گفتگو اور مجلسوں میں ان کی رعنائی

ظرافت بذلہ سنجی کی جو بجنے لگتی شہنائی


انھیں ان کا شناسا کیسے بھولے گا بہ آسانی

تھی ان میں اتنی اخلاق ومروت کی فراوانی


أخوت، بے تکلف گفتگو، ماحول سنجیدہ

جو کوئی اجنبی بھی ہو، تو وہ ہوجائے گرویدہ

نہیں مجلس میں دیکھا ان کی، کوئی ہو جو رنجیدہ

یہ اپنا تجربہ ذاتی، شنیدہ کے بود دیدہ


نگاہِ شوق میں ان کا مقامِ والا جاہی ہے

زہے قسمت! یہی عزت یہی آداب شاہی ہے


گزرتے جارہے ہیں دن بہت تیزی سے اور راتیں

مگر تازہ ہیں دل میں آج تک ان کی ملاقاتیں

ہمیشہ یاد میں رہتی ہیں میری، ان کی کچھ باتیں

دعا مصلحؔ کی، ان پہ ہوں سدا رحمت کی برساتیں


وہی دنیا، وہی بستی، وہی پر پیچ رستے ہیں

زمانے میں کہاں پر آج ایسے لوگ بستے ہیں

(صلاح الدین مقبول أحمد مصلحؔ نوشہروی)
۲۸/۷/۲۰۲۱

4
آپ کے تبصرے

3000
4 Comment threads
0 Thread replies
0 Followers
 
Most reacted comment
Hottest comment thread
4 Comment authors
newest oldest most voted
Mo Mubarak Rain

بہت زبردست منقبت نگاری ہے
اللہ آپ کو سدا سلامت رکھے آمین

Md Ibrahim Sajjad Taimi

لا جواب کلام رثاء و تعزیت ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو علامہ ڈاکٹر محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ، پوری تیمی برادری اور تمام منسلکینِ جامعہ کی طرف سے جزاے خیر عطا فرمائے، آمین یا رب العالمین!

Safat Alam Taimi

نہایت عمدہ کلام، عبقری کے قلم سے عبقری کی منقبت، اللہ ممدوح کو غریق رحمت کرے اور شیخ محترم کو صحت و عافیت کے ساتھ لمبی عمر عطا فرمائے۔ آمین

محمد مرتضیٰ اثری

ماشاءاللہ بہت ہی خوبصورت مننقبت نگاری،اللہ آپ کو صحت و تندرستی کے ساتھ ساتھ لمبی عمر عطا فرمائے،اور شیخ لقمان رحمہ اللہ کو غریق رحمت کرے،