سماجی انصاف اور مذہبی رواداری کے موضوع پر کانفرنس کی تیاریاں جاری

اخبار

پریس ریلیز

سماجی انصاف اور مذہبی رواداری کے موضوع پر کانفرنس کی تیاریاں جاری

صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی کی جانب سے منعقدہ کانفرنس میں پورے ملک سے اہل علم ودانش اور اہم سیاسی شخصیات کی آمد متوقع


صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی کی جانب سے ملک کے موجودہ حالات میں سماجی انصاف اور مذہبی رواداری کی اہمیت اور ضرورت پر ایک اہم پروگرام منعقد کیا جارہا ہے ، یہ پروگرام 4؍ جنوری 2020 شام 5 بجے تا 10 بجےرات حج ہاؤس ممبئی کے آڈیٹوریم (سیکنڈ فلور) میں منعقد ہوگا ان شاء اللہ ، اس پروگرام میں ملک کے مختلف حصوں سے علماء کرام ، سماجی خدمتگاران، اہم سیاسی شخصیات اور نامور صحافی حضرات موضوع پرسامعین کو مستفید فرمائیں گے ۔


فکرو نظر کا تنوع ، فہم وخیال کی رنگا رنگی ،مذاہب اور نظریات کا اختلاف ہمارے محبوب وطن ہندستان کی شناخت ہے ، وحدت میں کثرت اور کثرت میں وحدت اس ملک کا حسن ہے ، یہ ملک ہر دور میں مختلف مذاہب اور نظریات کے حامل طبقوں کا گہوارہ رہا ہے ، ایسے مخلوط معاشرے کی بقاء اور تعمیر کے لیے تحمل، برداشت، رواداری اورمکالمہ لازم ہے ، یہی وجہ ہے کہ رواداری اور برداشت کی جڑیں اس ملک میں بہت گہری ہیں ، اس ملک کو انگریزی استبداد سے آزادی دلانے والی اور اس ملک کے دستور کی بنیاد رکھنے والی عظیم شخصیات نے بھی اس ملک کی دستور سازی کے وقت اس بات کا خاص خیال رکھا ہے کہ حقوق کی تقسیم میں کبھی نظریات اور مذاہب کا اختلاف آڑے نہ آنے پائے ، عدل وانصاف کا فیضان ہر خاص وعام تک پہنچے ، کسی شخص کو اس کے مذہب اور نظریے کی بنیاد پر کسی طرح کے تعصب کا سامنا نہ کرنا پڑے اور یہ ملک رنگ ونسل،تہذیب وثقافت ، مذاہب ونظریات کے اختلاف کے ساتھ ترقی کی منزلیں طے کرے۔


سیکولرازم اس ملک کی روح ہے جس کی حفاظت کرنا ہر ہندستانی شہری کی بنیادی ذمہ داری ہے ، اسی ذمہ داری کی ادائیگی کےلیے یہ اہم پروگرام منعقد کیا جارہا ہے ، پروگرام کی صدارت صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی کے امیر مولانا عبدالسلام صاحب سلفی فرمائیں گے ، پروگرام میں کنوینر کی ذمہ داریاں مولانا عبدالجلیل مکی صاحب ادا کریں گے، پروگرام میں نشستیں محدود ہیں لہٰذا شرکت کے لیے رجسٹریشن لازمی ہے، شرکت کے خواہش مند حضرات اس نمبر پر رابطہ کرکے اپنے ناموں کا اندراج کراسکتے ہیں۔ 919892555244+

منجانب : دفتر صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی

آپ کے تبصرے

3000