اسلام انسانی ہمدردی، غم خواری و غم گساری کا پیامبر اور انسانوں کے درمیان الفت و محبت اور رواداری کو فروغ دینے والا پیارا مذہب ہے۔ تنگ دست، پریشان حال اور حاجت مند انسانوں سے اظہارِ محبت اور ہمدردی باعث خیرو برکت، فوز وفلاح اور اخروی کامیابی و سرفرازی کا ضامن ہے۔ سیدالکونین نبی رحمت صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی متعدد صحیح احادیث میں خدمت خلق کی ترغیب دی ہے اور اس کا تاکیدی حکم دیا ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی پوری زندگی خدمت خلق کا اعلی ترین نمونہ تھی اور صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کی زندگیاں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات مبارکہ کا پَرتو و آئینہ تھیں۔ غرباء و مساکین کے حقوق کی پاسداری اور ان کی ضروریات کی تکمیل کی خاطر ان پر مال خرچ کرنا قابل رشک عمل اور لائقِ اجر و ثواب ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے:
وَمَا أَنفَقْتُم مِّن شَيْءٍ فَهُوَ يُخْلِفُهُ ۖ وَهُوَ خَيْرُ الرَّازِقِينَ(سبأ :۳۹)
تم جو کچھ بھی اللہ کی راہ میں خرچ کرو گے اللہ اس کا (پورا پورا) بدلہ دے گااور سب سے بہتر روزی دینے والا ہے۔
ارشاد نبوی ہے:
مَنْ نَفَّسَ عَنْ مُؤْمِنٍ كُرْبَةً مِنْ كُرَبِ الدُّنْيَا ؛ نَفَّسَ اللَّهُ عَنْهُ كُرْبَةً مِنْ كُرَبِ يَوْمِ الْقِيَامَةِ. وَمَنْ يَسَّرَ عَلَى مُعْسِرٍ ؛ يَسَّرَ اللَّهُ عَلَيْهِ فِي الدُّنْيَا وَالْآخِرَةِ. وَمَنْ سَتَرَ مُسْلِمًا ؛ سَتَرَهُ اللَّهُ فِي الدُّنْيَا وَالْآخِرَةِ. وَاللَّهُ فِي عَوْنِ الْعَبْدِ مَا كَانَ الْعَبْدُ فِي عَوْنِ أَخِيهِ……… (صحيح مسلم :۸/۷۱،رقم:۲۶۹۹(۳۸)
جو شخص کسی مسلمان کی دنیوی پریشانیوں میں سے کوئی پریشانی دور کرے گا اللہ تعالیٰ اس سے آخرت کی پریشانی دور کرے گا اور جو کسی تنگ دست کے ساتھ آسانی کا معاملہ کرے گا اللہ اس کے لیے دنیا و آخرت میں آسانیاں پیدا کرے گا اور جو کسی مسلمان کی پردہ پوشی کرے گا تو اللہ دنیا و آخرت میں اس کے گناہوں پر پردہ ڈال دے گا اور اللہ بندے کی اس وقت تک مدد کرتا رہتا ہے جب تک بندہ اپنے بھائی کی مدد میں لگا رہتا ہے۔
ارْحَمُوا مَنْ فِي الْأَرْضِ يَرْحَمْكُمْ مَنْ فِي السَّمَاءِ(صحیح /سنن ترمذی :۳/۴۸۳، رقم :۱۹۲۴)
تم زمین والوں پر رحم کرو آسمان والا تم پر رحم فرمائے گا۔
مَنْ لَا يَرْحَمِ النَّاسَ ؛ لَا يَرْحَمْهُ اللَّهُ عَزَّ وَجَلَّ(صحيح مسلم:۷/۷۷، رقم :۲۳۱۹(۶۶)
جو بندوں پر رحم نہیں کرتا اللہ بھی اسے اپنی رحمت سے محروم کردیتا ہے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان احادیث کے ذریعہ پوری امت مسلمہ کو ایک دوسرے کے ساتھ ہمدردی، غم خواری اور محبت کی تعلیم دی ہے۔ اگر کوئی شخص کسی پریشانی اور تکلیف میں مبتلا ہے تو اپنی وسعت و طاقت کے مطابق اسے پریشانی سے نکالنے کی کوشش کرنا چاہیے ۔یہی اسلام کی روح اور ایمان کا تقاضا ہے۔
ملک کی موجودہ ناگفتہ بہ صورت حال آپ تمامی حضرات پر مخفی نہیں، عالمی وبا کووڈ۱۹ (کورونا وائرس) کی وجہ سے بہت سارے عزیزان ملت شفقت پدری سے محروم ہوگئے ہیں۔ بیوہ عورتیں بے بسی اور کسمپرسی کی زندگی گزار رہی ہیں۔ ہمارے دینی مکاتب و مدارس اور جامعات ابھی تک بند ہیں۔ تعلیمی سرگرمیاں مکمل طور پر موقوف ہیں۔ مدارس دینیہ سے وابستہ اکثر معماران قوم و ملت اور قابلِ قدر اساتذہ کرام کی تنخواہیں بند ہیں، جس کی وجہ سے ان کی اقتصادی اور معاشی حالت حد درجہ خراب ہوچکی ہے جس کی صحیح عکاسی اور منظر کشی سے قلم قاصر ہے۔ ان کے پاس کوئی مستقل ذریعہ آمدنی نہیں ہے، جس سے اپنے اہل و عیال کی کفالت اور یومیہ اخراجات کا انتظام کرسکیں۔
موجودہ درپیش مشکلات کو حل کرنے کی خاطر ضلعی جمعیت اہل حدیث، سدھارتھ نگر کے ذمہ داران قوم و ملت کے تمام سرمایہ داروں، غم گساروں، زندہ دلوں اور اصحاب خیر مسلمانوں سے دردر مندانہ اپیل اور گزارش کرتے ہیں کہ ہمارے وہ پریشان حال علماء و اساتذہ جو جماعت و جمعیت سے منسلک ہوکر جماعتی و مسلکی خدمات سرانجام دے رہے ہیں، اُن کی وقتی لاحق پریشانی کو دور کرنے کی خاطر آپ تمام اہل خیر حضرات اپنی مالی استطاعت کے مطابق اپنا ہر ممکن تعاون پیش کریں تاکہ مالی اعتبار سے وہ قدرے مستحکم ہوجائیں اور فارغ البال ہوکر تن دہی کے ساتھ اپنی دعوتی و تبلیغی اور تدریسی فرائض کو بخوبی انجام دے سکیں۔
اللہ آپ لوگوں کو اس احسان عظیم کا بہترین بدلہ عطا فرمائے گا اور آپ کا یہ نیک عمل ان شاء الله تعالى آپ کے دخول جنت کا باعث ہوگا۔ آپ کی اس عظیم خدمت اور مالی اعانت کو ذمہ دارانِ جمعیت باہمی مشوروں سے مستحق اساتذہ کرام تک پہنچائیں گے۔
آپ اپنا تعاون جمعیت کے درج ذیل اکاؤنٹ میں بھیجیں۔
ہمیں پوری توقع اور قوی امید ہے کہ آپ حضرات میری اس تجویز و تحریک کو نظر استحسان سے دیکھیں گے اور مکمل طور پر تائید و توثیق کرتے ہوئے اپنے دوسرے درد مند رفقاء و احباب کو اس نیک مشن میں شامل کرکے ثواب دارین حاصل کریں گے۔
جمعیت کا اکاؤنٹ:
URBAN CO- BANK LTD. SIDDHARTH NAGAR
JAMEEYAT AHLEHADEES SIDDHARTH NAGAR
A/C:010100098101
IFSC COD: ICIC00SIDRH
اپیل کنندگان:
(مولانا) محمد ابراہیم حفیظ الرحمن مدنی (امیرضلعی جمعیت)
راقم اثم: وصی اللہ عبدالحکیم مدنی (ناظم ضلعی جمعیت) اور دیگر ارکانِ عاملہ و شوری
آپ کے تبصرے