کورونا وائرس

عبدالکریم شاد شعروسخن

تم کورونا سے ڈرتے ہو

کیوں موت سے پہلے مرتے ہو


معلوم ہے کیا ہے کورونا؟

مخلوق ہے یہ بھی سمجھو نا!


تم مومن ہو تو کیسا ڈر

تم کو ہو بس خالق کا ڈر


اللہ محافظ ہے جانو

اللہ سے حسنِ ظن رکھو


مومن کے لیے رب کافی ہے

بیماری میں وہ شافی ہے


تکلیف اگر ہے قسمت میں

پہنچے گی ہمیں ہر صورت میں


لکھی ہے اگر مولا نے نجات

پھر موت سے لڑ جائے گی حیات


تم کو جو مصیبت آئے گی

وہ خیر بھی ساتھ میں لائے گی


زندہ جو رہے تو صبر کیا

اور صبر کیا تو اجر لیا


ہوتی ہیں بلائیں کفارہ

درجات کو کرتی ہیں اونچا


تم پڑھ کے نماز اور کر کے وضو

اسلام کی پھیلاؤ خوش بو


تم پاک رکھو دل اور دماغ

شاداب رہے ایمان کا باغ


قرآن پڑھو اور ذکر کرو

اک پل بھی نہ رب سے غافل ہو


ہر وقت دعائیں کرتے رہو

اور صدقہ کرنا مت بھولو


صدقے سے بلائیں ٹلتی ہیں

صدقے سے راہیں نکلتی ہیں


لازم ہے مگر تدبیر کرو

پھر تسلیمِ تقدیر کرو


دیکھو یہ بھی ہے کارِ ثواب

اپناؤ بچاؤ کے اسباب


اور صاف صفائی ضروری ہے

اس میں ہی شر سے دوری ہے


مشکل سے نکالے گا اللہ

آفت سے بچا لے گا اللہ


مضبوط ہے جب اپنا ایمان

رحمت سے نوازے گا رحمان


پھر کورونا سے ڈرنا کیا

ہر لمحہ آہیں بھرنا کیا

عبدالکریم شادؔ و عطاؔ رحمانی

آپ کے تبصرے

3000