محترم ایڈیٹر صاحب
السلام علیکم و رحمة الله وبركاته
“دی فری لانسر” کی ٹیم کو ڈھیر ساری مبارکباد
روایتی ڈگر سے ہٹ کر آپ لوگوں نے ایک نیا طرز ایجاد کیا جس سے افہام و تفہیم اور تنقید و تبصرے کی ایک نئی راہ ہموار ہوئی، بر صغیر کی دینی صحافت کا یہ بند دروازہ تھا جسے آپ لوگوں نے ہمت و استقلال سے کھول دیا،بند دروازے کے پیچھے سے ایسے قلم کار نمودار ہوئے جنھوں نے خامہ کی شان میں چار چاند لگائے اور قرطاس ابیض کو رنگا رنگ کردیا.
یہ پہلا موقع تھا کہ سطور نے آزاد ہوکر انقلاب کا نعرہ لگایا اور جب وہ چپ ہوئیں تو خاموشیوں نے اپنا جلوہ بکھیر دیا. بلامبالغہ کہا جاسکتا ہے کہ جتنا زیادہ اس مجلے کا انتظار ہوتا تھا اور کسی کا نہیں تھا وجہ صاف تھی کہ مختلف مجلات اپنی خاص خوبیوں کے لیے جانے جاتے ہیں لیکن بہت ساری خوشبوؤں کا گلشن دی فری لانسر ہے، ذہن و دماغ کو مہمیز لگانے کا کام اسی مجلے کی دین ہے.
جب سے اپنا دیار چھوٹا دی فری لانسر بھی نظروں سے اوجھل ہوگیا تھا، کبھی کبھار کسی نے نوازش کردی تو ورق گردانی ہوگئی ورنہ وہی ڈھاک کے تین پات والی بات رہتی تھی، لیکن اب ویب پورٹل نے ساری پریشانیوں کو دور کردیا ہے سارا اضطراب جاتا رہا،خوشی ہوئی کہ اچھوتا انداز فکر اور نوع بہ نوع تحریریں پھر سے تشنہ لب کو سیراب کرنے والی ہیں.
لگے رہیے، قدم بڑھاتے رہیے،منازل انہی کو نصیب ہوتی ہیں جو اپنے سفر کو جاری رکھتے ہیں.
آپ کے تبصرے