کیا بتاؤں کہ کیا مصطفی آپ ہیں

عبدالکریم شاد شعروسخن

کیا بتاؤں کہ کیا مصطفی آپ ہیں

میرے لفظ و بیاں سے سوا آپ ہیں


خوب صورت بھی ہیں خوب سیرت بھی ہیں

سب سے افضل ہیں سب سے جدا آپ ہیں


راہ حق کے چراغ آپ کے نقش پا

جن و انسان کے رہ نما آپ ہیں


آپ سے معجزے خوب ظاہر ہوئے

سچ تو یہ ہے کہ خود معجزہ آپ ہیں


آپ کا ہر عمل ہے سراسر دلیل

مومنوں کے لیے آئنہ آپ ہیں


آپ سے حق جہاں میں منور ہوا

شمعِ باطل کی خاطر ہوا آپ ہیں


آپ کی بیویوں نے شہادت یہ دی

خلق آمیز اور با وفا آپ ہیں


آپ کے علم و فن کی تو کیا بات ہے

طالبوں کے لیے مدرسہ آپ ہیں


شادؔ ناچیز ہے آپ کو کیا کہے

برتر و بالا بعد از خدا آپ ہیں

آپ کے تبصرے

3000