تذکرہ فاروق کا

سحر محمود شعروسخن

کس میں ہمت تھی جو کرتا سامنا فاروق کا

ہائے کیسا آہنی ایمان تھا فاروق کا


اس قدر بیٹھا تھا دل میں دبدبہ فاروق کا

چھوڑتا کیسے نہ شیطاں راستہ فاروق کا


بیویوں کو بیوہ، بچوں کو جو کرنا ہو یتیم

سامنا میرا کرے چیلنج تھا فاروق کا


ہیں عمر بھی مصطفی ہی کی دعاؤں کا صلہ

مصطفی نے ہی لقب ان کو دیا فاروق کا


رب نے ان کے قول کی تائید کی ہے بارہا

کس قدر اعلی و ارفع فکر تھا فاروق کا


آپ کے اسلام سے اسلام کو غلبہ ملا

بڑھ گیا اس سے یقیناً مرتبہ فاروق کا


تھے خلیفہ دوم اور پہلے امیرالمؤمنین

سابقین اولیں میں نام تھا فاروق کا


دیکھنے سے خانداں کا شجرہ چلتا ہے پتا

جا کے ملتا ہے نبی سے سلسلہ فاروق کا


جن کو دنیا میں ہی جنت کی بشارت مل گئی

ان دسوں میں ہے نمایاں تذکرہ فاروق کا


دودھ میں پانی ملانا منع ہے کہتے ہوئے

ماں کو بیٹی دے رہی ہے واسطہ فاروق کا


شکر کرتے ہیں مرا قاتل کوئی مسلم نہیں

کس قدر ہے دیدنی یہ حوصلہ فاروق کا


اسوۂ سرکار میں ڈھالا تھا خود کو اے سحر!
’’ہے بہت شفاف و روشن آئنا فاروق کا‘‘

آپ کے تبصرے

3000