مولانا عبدالوحید رحمانیؔ رحمہ اللہ

صلاح الدین مقبول احمد مدنی شعروسخن

استاذ گرامی شیخ الجامعہ مولانا عبدالوحید رحمانیؔ رحمہ اللہ
(۱۹۲۷-۱۹۹۷ء)


آشنائے لذت گفتار اپنی سامعہ

منتظر اب تک اسی لے کو ہے نفس طامعہ

آسمان ’’سلفیہ‘‘ کا تھا وہ شمس لامعہ

جامعہ باقی تو باقی نام ’’شیخ الجامعہ‘‘

خوش کلامیؔ ، خوش مزاجیؔ ، خوش لباسیؔ ، خوش نویدؔ

ان عناصر سے بنا ہے حلیۂ عبدالوحیدؔ


ترجمانی درس میں ہوتی تھی ان کی صاف صاف

اس میں نہ تھا ذکر عنقا اور نہ ذکر کوہ قاف

تھے نہ استاذ گرامی عادی لاف و گزاف

گر کہیں رکتے تو کر لیتے تھے خود ہی اعتراف

ان میں حلم و بردباری بھی تعجب خیز تھی

گفتگو پر کیف بھی تھی اور تبسم ریز تھی


تھی زباں شائستہ و شستہ بہت تقریر میں

ان کو کچھ دقت نہیں تھی قوت تعبیر میں

تھا یہی ملکہ بھی ان کو قلت تحریر میں

ترجمانی عربیت کی تھی اسی تصویر میں

ہم نے دیکھا ہے حریریؔ کو وہاں پر چشم دید

وہ بنارسؔ میں حریریؔ کے تھے شاگرد رشید


خوش لباسی اور نفاست رب کی اک توفیق تھی

اس ادائے خاص میں ان کو بڑی تدقیق تھی

قابلِ تحسین بھی اور قابل تحقیق تھی

ان کی شخصیت مثالی اور نستعلیق تھی

جامعہؔ کو ان سے ملتا تھا لطافت کا پیام

بے تکلف تھی نفاست ، پر رہا اس میں دوام


تھے مدرسؔ اور محررؔ اور خطیبؔ با کمال

تھا رویہ بے تکلف، بے ضرر اور بے مثال

ان کے حصے میں نہیں آئی تھی زیادہ قیل و قال

منصب عالی پہ تھے وہ آخری دم تک بحال

دفتری کاموں کا ہوتا تھا بہت کافی ہجوم

پر مقدم تھا صحت پہ مرکزی دارالعلوم


ساتھ طلبہ کے رویہ حق پناہی کا رہا

لطف و احسان و مروت، خیر خواہی کا رہا

اور حفاظت میں ہمیشہ اک سپاہی کا رہا

غیرت و احساس میں تو والا جاہی کا رہا

گویا وہ پیدا ہوئے تھے خیر خواہی کے لیے

مرکز علم وہنر کی حق پناہی کے لیے


خدمت ’’سلفیہ‘‘ میں کی وقف اپنی زندگی

والہانہ جامعہؔ سے تھی انھیں وابستگی

قابلِ تحسین تھی ماحول میں سنجیدگی

درحقیقت ہے اطاعت اور یہی ہے بندگی

خیر خواہانہ ہر اک اقدام ان کا یاد ہے

اس کے ذکر خیر میں لذت ہے اور دل شاد ہے


ڈھونڈھتی پھرتی مدارس میں ہے اب اپنی نگاہ

ہوگئے کم یاب ایسے حق پناہ و خیر خواہ

اب کہاں استاد و شاگردی کی رسم بے پناہ

اب فقیر بے نوا طالب تو وہ ہے والا جاہ

چل بسا دل بند تو اس کا بدل آتا نہیں

دن گذر جاتا ہے مصلحؔ کوئی کل آتا نہیں


مصلحؔ نوشہروی(۲۲؍۱۰؍۲۰۱۵ء، نئی دہلی)

آپ کے تبصرے

3000