دس عظیم واہم آداب

ابوحسان مدنی تعلیم و تربیت

تحریر: شیخ صالح عصیمی حفظہ اللہ
ترجمانی: ابو حسان مدنی


جان لو-اللہ مجھے اور آپ کو اچھے اخلاق کی ہدایت دے-عظیم و اہم آداب دس ہیں:

ملاقات
۱۔ جب کسی مسلمان سے ملیں تو السَّلام عليكم ورحمة الله وبركاته کہہ کر سلام کریں، اور اگر وہ پہلے سلام کردے تو وعليكم السلام ورحمةالله وبركاته کہي کر جواب دیں۔
زیارت
۲۔ جب کسی کے پاس جانا چاہیں تو دروازے کے دائیں یا بائیں جانب کھڑے ہو کر پہلے اجازت طلب کریں، اگر اجازت ملے تو داخل ہوجائیں اور اگر واپسی کے لیے کہا جائے تو واپس ہوجائیں۔
کھانا پینا
۳۔ کھانے اور پینے سے پہلے بسم اللہ کہہ کر اللہ کا نام لیں، دائیں ہاتھ سے کھائیں، اپنے قریب سے کھائیں، کھانے سے فراغت کے بعد اپنی انگلیوں کو چاٹ لیں اور کہیں:الحمدلله
گفتگو
۴۔اچھے الفاظ کے ساتھ اچھی گفتگو کریں، اپنی آواز پست رکھیں، آرام اور ٹھہراؤ سے گفتگو کریں، گفتگو کرنے والے کی بات خاموشی اور توجہ سے سنیں، قطع کلامی نہ کریں، بڑے کے سامنے پہلے بات نہ کریں۔
سونا
۵۔بستر پر جانا ہو تو وضو کرلیں، دائیں کروٹ سوئیں، ایک بار آیت الکرسی پڑھ لیں، دونوں ہتھیلیوں کو جمع کرکے اس میں سورہ اخلاص اور معوذتین پڑھیں پھر اس میں پھونک ماریں اور حتى الامکان اپنے ہاتھ جسم پر پھیریں۔ایسا تین بار کریں۔
چھینک
۶۔ جب چھینکیں تو ہاتھ یا کپڑے سے اپنا چہرہ ڈھک لیں اور الحمدللہ کہیں، اگر کوئی جوابا يرحمك الله کہے تو کہیں :يهديكم الله ويصلح بالكم
جمائی
۷۔ جمائی کو حتی المقدور روکیں، اپنے ہاتھ سے اپنے منہ کو ڈھانک لیں اور آہ آہ نہ کریں۔
مجلس
۸۔جب کسی مجلس میں اخیر میں پہنچیں تو سلام کریں اور جہاں مجلس ختم ہورہی ہو وہیں بیٹھ جائیں، دھوپ اور سائے کے درمیان نہ بیٹھیں، دو لوگوں کو ان کی اجازت کے بغیر الگ نہ کریں، کسی کو اس کی جگہ سے نہ اٹھائیں، آنے والے کے لیے کشادگی پیدا کریں، مجلس میں اللہ کا ذکر کریں اور کم از کم کفارۂ مجلس کی دعا پڑھ لیں :سبحانك اللَّهم وبحمدك أشهد أن لا إله إلا أنت أستغفرك وأتوب إليك
راستہ
۹۔ راستے کا حق ادا کریں، لہذا نگاہ نیچی رکھیں، تکلیف دہ چیز دور کریں، سلام کا جواب دیں، بھلائی کا حکم دیں اور برائی سے روکیں۔
لباس
۱۰۔ خوبصورت لباس زیب تن کریں، سب سے افضل و بہتر سفید لباس ہے، کپڑا ٹخنے سے تجاوز نہ کرے، دائیں طرف سے پہنیں اور بائیں طرف سے نکالیں۔

آپ کے تبصرے

3000