ہر سال محرم الحرام کے مہینے میں واقعہ کربلا کے بارے میں بہت کچھ بولا اور سنا جاتا ہے، ہر شخص اپنےنظریے کے مطابق اس واقعے کی توجیہ کرتا ہے، آئیے اس موضوع پر چند ایسی کتابوں کے بارے میں معلومات حاصل کرتے ہیں جو افراط وتفریط سے کافی حد تک پاک ہیں اور جن میں ان واقعات کا تجزیہ علمی اور تحقیقی انداز میں کیا گیا ہے۔ ہر کتاب کے ساتھ اس کا لنک بھی دے دیا گیا ہے تاکہ شائقین براہ راست انھیں ڈاؤنلوڈ کر کے مطالعہ کر سکیں:
(۱)خلافت و ملوکیت کی شرعی اور تاریخی حیثیت از حافظ صلاح الدین یوسف رحمہ اللہ
مفسر قرآن حافظ صلاح الدین یوسف رحمہ اللہ کی یہ کتاب دراصل مولانا مودودی کی مشہور کتاب خلافت و ملوکیت کا مفصل علمی جواب ہے۔ یہ کتاب اپنے موضوع پر بے نظیر ہے۔ تعصب کی عینک اتار کر اسے پڑھا جائے تو سیدنا عثمان غنی، امیر معاویہ، مروان بن حکم، مغیرہ بن شعبہ، عمرو بن عاص رضی اللہ عنہم کے متعلق پھیلی ہوئی بہت ساری غلط فہمیاں دور ہو سکتی ہیں۔ اس موضوع سے دلچسپی رکھنے والے ہر شخص کو یہ کتاب ایک مرتبہ ضرور پڑھنی چاہیے۔
https://kitabosunnat.com/kutub-library/khilafat-o-malokiyat
(۲)حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ اور تاریخی حقائق از مفتی محمد تقی عثمانی حفظہ اللہ
مفتی محمد شفیع عثمانی رحمہ اللہ کے فرزند ارجمند اور مسلک دیوبند کے انتہائی موقر عالم دین مفتی محمد تقی عثمانی حفظہ اللہ کی یہ کتاب بھی دراصل ان مقالات کا مجموعہ ہے جو انھوں نے خلافت و ملوکیت کے جواب میں لکھے تھے، کتاب انتہائی محققانہ اور معتدل اسلوب میں لکھی گئی ہے اور اسے پڑھنے کے بعد سیدنا امیر معاویہ رضی اللہ عنہ سے متعلق غلط فہمیوں کے بادل چھٹ جاتے ہیں۔
https://kitabosunnat.com/kutub-library/hazrat-muawiya-r-a-aur-tarikhi-haqaiq
(۳)واقعۂ کربلا اور اس کا پس منظر از مولانا عتیق الرحمن سنبھلی رحمہ اللہ
مولانا منظور نعمانی رحمہ اللہ کے صاحبزادے مولانا عتیق الرحمن سنبھلی رحمہ اللہ کی یہ کتاب واقعۂ کربلا پر ان کی بے لاگ تحقیق ہے، کتاب کا اسلوب علمی اور تحقیقی ہے۔ تاریخ کی متضاد روایات کو مؤلف نے روایت ودرایت دونوں کی کسوٹی پر پرکھ کر اپنی تحقیق پیش کی ہے۔ کتاب پڑھنے سے تعلق رکھتی ہے۔
https://kitabosunnat.com/kutub-library/waqia-e-karbla-aur-iss-ka-pas-manzar
(۴)حادثۂ کربلا اور سبائی سازش از شیخ کفایت اللہ سنابلی حفظہ اللہ
شیخ کفایت اللہ سنابلی حفظہ اللہ نے اس مختصر کتاب میں واقعۂ کربلا کی اپنے انداز سے تحقیق کی ہے اور یہ ثابت کیا ہے کہ یہ حادثہ دراصل سبائی سازش کا نتیجہ تھا۔ ممکن ہے آپ مؤلف کے بعض نتائج اور تحقیق سے اتفاق نہ کریں لیکن کتاب کے علمی اور محققانہ رنگ وأسلوب کو کوئی نہیں جھٹلا سکتا۔
https://kitabosunnat.com/kutub-library/hadasa-karbla-aur-sabai-sazish
(۵)امیر معاویہ رضی اللہ عنہ اور یزید کی ولی عہدی از مولانا حسین احمد مدنی رحمہ اللہ، جمع وترتيب : محمد فہد حارث
یہ مختصر کتابچہ دراصل مولانا حسین احمد مدنی کا ایک مقالہ ہے جو انھوں نے یزید کی ولی عہدی کے مسئلے پر ایک مکتوب کے جواب میں لکھا تھا، ولی عہدیِ یزید سے متعلق امیر معاویہ رضی اللہ عنہ اور دیگر صحابہ پر جو اتہامات لگائے جاتے ہیں مولانا مرحوم نے ان کا کافی وشافی جواب دیا ہے۔
https://kitabosunnat.com/kutub-library/Ameer-Muawia-Aur-Yazeed
(۶)محرم الحرام اور مسئلہ حسین ویزید از مولانا عبدالسلام رحمانی رحمہ اللہ
ماہ محرم کے فضائل، اس ماہ میں ہونے والی بدعات وخرافات اور سیدنا حسین رضی اللہ عنہ اور یزید سے متعلق اہل سنت کا معتدل موقف یہ اس کتاب کا موضوع ہے۔ مصنف نے سادہ اور عام فہم انداز میں ان موضوعات پر روشنی ڈالی ہے۔
https://kitabosunnat.com/kutub-library/muharram-ul-haraam-wa-masala-sayyedna-hussain-o-yazeed
(۷)یزید بن معاویہ اور جیش مغفور لھم از ڈاکٹر ابو جابر عبداللہ دامانوی حفظہ اللہ
یہ کتاب دراصل مؤلف کا وہ مضمون ہے جو قسط وار ماہنامہ محدث لاہور میں شائع ہوا تھا جس میں انھوں نے دلائل سے یہ ثابت کیا ہے کہ قسطنطنیہ کے سلسلے میں جو حدیث وارد ہے اس کے مصداق یزید بن معاویہ ہی ہیں اور اس اعتبار سے مغفور لھم کی بشارت میں وہ بھی داخل ہیں۔ کتاب کا تحقیقی اسلوب اسے ممتاز کرتا ہے۔
https://kitabosunnat.com/kutub-library/Yazeed-Bin-Muawia-Aur-Jaish-e-Maghfor-Lahum
(۸)یزید بن معاویہ پر الزامات کا تحقیقی جائزہ از شیخ کفایت اللہ سنابلی حفظہ اللہ
کتاب اپنے موضوع پر سب سے مفصل، محقق اور منفرد ہے۔ مؤلف نے یزید بن معاویہ سے متعلق تمام روایات کی جانچ پڑتال محدثین کے اصول کے مطابق کی ہے اور یہ ثابت کیا ہے کہ ان پر لگائے جانے والے بیشتر الزامات جھوٹ اور فریب کے سوا کچھ بھی نہیں۔
https://kitabosunnat.com/kutub-library/yazeed-bin-muaawiah-par-ilzamaat-ka-tehqueequi-jaeza
(۹)سیدنا حسین بن علی رضی اللہ عنہ شخصیت اور کارنامے از ڈاکٹر محمد علی الصلابی (اردو ترجمہ)
ڈاکٹر علی صلابی نے عربی میں خلفائے راشدین کے علاوہ سیدنا امیر معاویہ، سیدنا حسن وحسین کے حیات اور کارناموں پر ضخیم کتابیں لکھی ہیں۔ ان کی کتابیں علم وتحقيق کے معیار پر کھری اترتی ہیں، وہ تاریخی واقعات کا اپنے انداز میں بہترین تجزیہ کرتے ہیں۔ یہ کتاب بھی ان کی بہترین تصنیف ہے اور سیدنا حسین رضی اللہ عنہ کی سیرت جاننے کے لیے ہر شخص کو ایک بار ضرور پڑھنا چاہیے۔
https://kitabosunnat.com/kutub-library/sayyadna-hussain-bin-ali-shakhsiyat-aur-karname
(۱۰)تبصرہ بر شہید کربلا ویزید از محدث کبیر مولانا حبیب الرحمن اعظمی رحمہ اللہ
مولانا حبیب الرحمن اعظمی رحمہ اللہ کا شمار حنفی مسلک کے بہت بڑے علماء میں ہوتا ہے، علم حدیث سے متعلق آپ کے کارناموں کے سبب آپ کو احتراماً محدث کبیر کہا جاتا ہے۔ زیر نظر کتاب انھوں نے قاری محمد طیب صاحب مرحوم کی کتاب شہید کربلا ویزید (جو دراصل محمود احمد عباسی کی کتاب خلافت معاویہ ویزید کے جواب میں لکھی گئی تھی)کے جواب میں لکھی ہے۔ اس کتاب میں مصنف نےبڑے علمی انداز میں سیدنا حسین رضی اللہ عنہ کی کوفہ روانگی، واقعہ کربلا، یزید کے فسق وفجور کا معاملہ ان سب امور پر علمی انداز میں داد تحقیق دی ہے۔ اس موضوع سے دلچسپی رکھنے والے ہر شخص کو ایک بار یہ کتاب ضرور پڑھنی چاہیے۔
شکریہ