آئی پی ایل کا جنون

صادق عتیق صدیقی متفرقات

سدا عیش دوراں دکھاتا نہیں
گیا وقت پھر ہاتھ آتا نہیں
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺنے ارشاد فرمایا:
من حسن اسلام المرء تركه مالا يعنيه
(انسان کے اسلام کی خوبی اس کا لایعنی (لغو) باتوں سے بچنا ہے)
امام ترمذی وغیرہ کی روایت کردہ یہ حدیث جوامع الکلم میں سے ہے۔
اس میں نبی اکرم ﷺ نے مومن کی ایک اہم صفت کو اجاگر کیا ہے جسے اختیار کر لینے کے بعد اس کا اسلام اور ایمان کامل اور عمدہ بن جاتا ہے۔ یہ صفت ہے مومن کا فضول باتوں اور لہو و لعب سے کنارہ کش ہونا۔ اسی صفت کو اللہ رب العالمین نے قرآن مجید میں اس طرح بیان کیا ہے:
وَالَّذِينَ هُمْ عَنِ اللَّغْوِ مُعْرِضُونَ
( اور جو لغو باتوں سے دور رہتے ہیں)
لغو ہر اس بات اور کام کو کہتے ہیں جو فضول بیکار اور لاحاصل ہو۔
آج ہمارا معاشرہ خصوصاً نوجوان طبقہ مختلف لغویات کاعادی ہے۔ انھی میں سے ایک IPL ہے جو بہت تیزی کے ساتھ نوجوانوں کو ان کے مقصد اصلی سے پھیر رہا ہے۔
ایک روایت میں اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
پانچ چیزوں کو پانچ چیزوں سے پہلے غنیمت جانو۔ ان میں سے ایک آپ نے فرمایا:
فراغك قبل شغلك
(اپنے فرصت کے لمحات کو مشغولیت سے پہلے)
اسی طرح بخاری کی ایک روایت میں اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
دو نعمتیں ایسی ہیں جن کے تعلق سے اکثر لوگ دھوکے میں ہیں۔ان دونوں کا تذکرہ کرتے ہوئے آپ نے فرمایا:
الصحة والفراغ
(صحت اور وقت)
اس حدیث کی رو سےہم سراسر دھوکے میں ہیں۔ ہم اس بے سود آئی پی ایل کے جنون میں اپنا وقت ضائع کر رہے ہیں، اپنے جسم اور اپنی آنکھوں کو بھی تکلیف دے رہے ہیں۔ جب کہ اللہ کے نبی نے عشاء سے پہلے سونے اور عشاء بعد فضول باتوں اور لایعنی کاموں سے منع فرمایا ہے۔
اسی طرح بخاری کی دوسری روایت میں آپ نے عبداللہ بن عمرو کو متنبہ کرتے ہوئے ارشاد فرمایا:
فان لجسدك عليك حقاً وان لعينك عليك حقاً

ایک عربی مقولہ بھی بہت مشہور ہے:
الوقت کالسیف ان لم تقطعه قطعك

اس لیے ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم ابھی بھی ہوش کے ناخن لیں اور اپنے قیمتی وقت کو ضائع ہونے سے بچائیں۔ ورنہ وہ دن دور نہیں جب ہمیں وقت کے تھپیڑے کھانے پڑیں اور تب سوائے افسوس کے کوئی چارہ نہ ہو۔
اللہ رب العالمین ہمیں اپنے وقت کی حفاظت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین تقبل یا رب العالمین

2
آپ کے تبصرے

3000
2 Comment threads
0 Thread replies
0 Followers
 
Most reacted comment
Hottest comment thread
2 Comment authors
newest oldest most voted
Altamash

ماشاءاللہ

Afzal husain

Masha Allah