محبت اور جنون میں فرق ہوتا ہے۔محبت جنون نہیں ہوتی ، جنون محبت نہیں ہوتا ۔
محبت ایک پیارا ، ایک لطیف جذبہ ہے جبکہ جنون ایک مذموم صفت ، ایک بری لت ، ایک مہلک بیماری ہے۔
محبت سکون ہے ، جنون بے چینی۔محبت راحت ہے ،جنون گھٹن۔محبت نرم خو ہوتی ہے اورجنون سنگ دل۔محبت اطاعت سکھاتی ہے، جنون بغاوت۔محبت صاحب بصیرت ہوتی ہے، جنون عقل کا اندھا۔محبت ضابطوں میں رہتی ہے، حدیں کراس نہیں کرتی۔جنون جذباتی ہوتا ہے ، وہ کسی بھی حد پر جا سکتا ہے۔
محبت مستقل مزاج ہوتی ہے، اس میں پہاڑوں جیسا ثبات ہوتا ہے، سمندروں جیسی گہرائی ہوتی ہے۔جنون وقتی ہوتا ہے لہروں کی طرح شور مچا کر اٹھتا ہے اور جھاگ کی طرح لمحوں میں بیٹھ جاتا ہے۔محبت قربانی دینا سکھاتی ہے، جنون خود غرض ہوتا ہے، اس کو اپنے فائدے کے سوا کچھ دکھائی نہیں دیتا،جنونی کی محبت کا شدت اظہار بھی اس کی اپنی جنونی جذبات کی تسکین کے لیے ہوتا ہے۔
محبت کرنے والا آپ کو آپ کے اختیارات کے ساتھ جینے دیتا ہے، جنون آپ پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔محبت کرنے والا آپ کے نقصان سے ڈرتا ہے ، جنونی اپنے جنون میں آپ کو نقصان پہنچانے سے بھی نہیں چوکتا۔محبت کرنے والا آپ کو اسپیس دیتا ہے، آپ سے آپ کے اختیارات نہیں چھینتا،جنونی آپ پر حاوی ہونا چاہتا ہے، آپ کو کنٹرول کرنا چاہتا ہے، آپ سے آپ کی اسپیس چھین لیتا ہے۔محبت کرنے والا آپ کو انسان سمجھتا ہے، جنونی آپ کو سامان سمجھتا ہے، سامان بھی ایسا جو اس کے زیر ملکیت ہے۔محبت کرنے والا آپ کو پر کھول کر کھلے آسمان میں اڑنے کی آزادی دیتا ہے ، جنونی آپ کو ایسی شدت سے دبوچ لیتا ہے کہ آپ کی سانسیں پھولنے لگتی ہیں ۔
جنون نرگسیت پسند [Narcissist]انسان کے مزاج کا حصہ ہوتا ہے، نرگسیت پسند محبت نہیں کرتا ، شکار کرتا ہے اور اس کے شکار کا ہتھیار ہوتا ہے ’انتہاد درجے کی توجہ(laser focus)۔انسان توجہ (attention) کا بھوکا ہے، توجہ ایک طرح کا نشہ ہے، پسند کیے جانے اور چاہے جانے کی خواہش ہر انسان کی فطرت کا حصہ ہوتی ہے، نرگسیت پسند اسی انسانی کمزوری کا فائدہ اٹھا کر انسانوں کا شکار کرتے ہیں۔
ایسے لوگ ان کے جال میں آسانی سے پھنس جاتے ہیں جو بچپن میں کسی حادثے (Trauma) سے گزرے ہوتے ہیں، محبت کے پیاسے ہوتے ہیں، اٹینشن کے بھوکے ہوتے ہیں، انتہا درجے کی توجہ کی روشنی ایسے لوگوں کی آنکھیں چوندھیا دیتی ہے، محبت کا شدت اظہار ایسا گرفت میں لے لیتا ہے کہ وہ کچھ اور دیکھ نہیں پاتے، چالاکیاں سمجھ نہیں پاتے، خطرات بھانپ نہیں پاتے، ان کی عقل پر پردے پڑ جاتے ہیں، ایسے لوگ نرگسیت پسندوں کے سحر کا آسانی سے شکار ہوجاتے ہیں۔
اس لیے کسی طرف سے اگر ضرورت سے زیادہ توجہ ملے تو ہوشیار ہوجائیں، کوئی بہت اسپیشل فیل کرائے تو الرٹ ہوجائیں، دنیا میں کوئی اسپیشل نہیں ہوتا ، زندگی میں کوئی ایسا شخص نہیں ہوتا جس کا کوئی بدل نہ ہو، کوئی ایسا رشتہ نہیں جس کو بھولا نہ جاسکتا ہو، کوئی کسی کے بغیر مر نہیں جاتا ہے، یہ ساری باتیں افسانوں میں ٹھیک لگتی ہیں ، حقیقی زندگی کی تلخ حقیقت یہی ہے کہ لوگ بھول جاتے ہیں، بدل جاتے ہیں، محبت نفرت میں اور دوستی دشمنی میں تبدیل ہوجاتی ہے، ساتھ چھوٹتا ہے تو نئے راستے پر نئی منزل کی تلاش میں نئے ہم سفر کے ساتھ نکل جاتے ہیں۔
Masha allah
Bahoot khoob
Jazakallah khair