مولانا خالد حنیف صدیقی تک: یہ سلسلہ غموں کا

ابوالمیزان منظرنما

پچھلے سال چھبیس جولائی کو جب پہلی بار ’حافظ صلاح الدین یوسف: حیات و خدمات‘ کے لیے مضمون لکھنے کی درخواست مولانا رفیق احمد رئیس سلفی صاحب کو بھیجی تھی تو انھوں نے کچھ نئے موضوعات کے علاوہ دو مشورے بھی دیے تھے۔ دوسرا مشورہ یہ تھا کہ ’’جن حضرات نے حافظ صلاح الدین یوسف کو برتا ہے اگر ان میں سے کچھ لوگوں کے تاثرات اور مشاہدات قلم بند ہو جاتے تو بہتر ہوگا۔‘‘ پوچھنے پر ان ’حضرات‘ کے چار نام بتائے تھے: ’’ڈاکٹر وصی اللہ عباس، ڈاکٹر ضیاء الرحمن اعظمی، شیخ محمد عزیر شمس، شیخ صلاح الدین مقبول۔‘‘
ارادہ یہ ہوا کہ پہلے مقالے لکھوا لیے جائیں پھر ان مشاہیر علماء سے رابطے کیے جائیں۔ یہ سلسلہ شروع ہونے سے پہلے ہی اور اس گفتگو کے پانچویں ہی دن تیس جولائی کو ڈاکٹر ضیاء الرحمن اعظمی کی وفات ہوگئی۔ اللہم اغفر لہ وارحمہ
باقی علماء سے خط و کتابت کی گئی، ان کے تاثرات و مشاہدات کتاب مذکور کا حصہ ہیں۔ اللہ رب العالمین ان سب کی عمریں دراز کرے، صحت و تندرستی دے اور ہمیں ان سے استفادے کی توفیق دیتا رہے۔
شیخ صلاح الدین مقبول -حفظہ اللہ- کی علمی خدمات کے جائزے پر مشتمل ایک کتاب کی ترتیب کا منصوبہ بنایا گیا تو آج سے ٹھیک دو مہینے پہلے بیس فروری کو ایک مضمون کے لیے مولانا عبدالرزاق عبدالغفار سلفی صاحب کو خط لکھا۔ مولانا کے جوابی خط میں حوصلہ افزائی کے کلمات کے فورا بعد ہی یہ پیراگراف تھا:
’’میری نظر میں ڈاکٹر وصى الله عباس، ڈاکٹر فضل الرحمان مدنى، شيخ عزير شمس، شيخ عبد المعيد مدنى، شیخ عبد البارى فتح الله مدنى اور ديگر مشائخ حفظهم الله ایسے ہیں کہ ان کی زندگی میں ہی ان کی خدمات کا جائزہ لیا جانا چاہیے۔‘‘
پچھلے مہینے چھبیس مارچ کو صبح صبح جب ڈاکٹر فضل الرحمن مدنی کی وفات کی خبر ملی تو فورا میں نے یہ خط کھول کر پڑھا، بے اختیار آنکھوں میں آنسو آگئے۔ اللہم اغفر لہ وارحمہ
ابھی ہفتہ بھر پہلے ایک اور کتاب پر کام کرنے کی پلاننگ کی گئی تو ایک موضوع ایسا تھا کہ مولانا خالد حنیف صدیقی صاحب پر نظر ٹھہر گئی۔ پہلی بار ان کا نام ابھی جلدی ہی مرشد عبدالقدیر سے سنا تھا، انھوں نے ہی مولانا کا نمبر بھی دیا۔ دوبارہ ان کا نام کاروان سلف حصہ دوم میں دیکھا۔ چودہ اپریل کو انھیں خط لکھا تو دوسرے دن سولہ اپریل کو یہ جواب آیا:
’’مکرمی
السلام علیکم
حکم نامہ موصول ہوا، یاد فرمائی کا شکریہ ،میں عرصہ پینتالیس سالوں سے دہلی میں ہوں ،ذمہ داران جمعیت کی خدمات کو بہت قریب سے دیکھا ہے،مولانا نے عبدالحمید رحمانی اور فضل الرحمان نے شرنارتھی کیمپ میں رہ کر جس کسمپرسی کے عالم میں بھر سک خدمت انجام دی ہے،صد آفریں ہے ، اللھم اغفر لھم۔حضور والا ،مجھے تحمیدی وتمجیدی کلمات لکھنے نہیں آتے ،مولانا کی خدمات کو ،ان کے ترجمان کے اداریے گواہی دے رہے ہیں ،ساری فائلیں موجود ہیں ، بغیر ان کی ورق گردانی کے حق ادا نہیں ہو سکتا ،داود راز نمبر کے لیے سو صفحات کا جو مضمون لکھا تھا،چار ماہ اس کے لیے اپنے کو وقف کر دیا تھا ، مجھے خوشی ہے کہ :ع
قدرہو گی تم کو میری میرے مر جانے کے بعد
دیر آید درست آید،مولانا پر اہم اقدام ہے ،لیکن وہیں افسوس ہے کہ ایک کتاب کی ترتیب وتسوید میں عرصہ دو سال سے بے حد مشغول ہوں ،اس میں ابھی چھ ماہ کا وقت درکار ہے ، اس لیے معذور گردانیں۔حضور والا تمام قلمکاروں کو میری طرف سے یہ شعر نذر کر دیں؎
ہیچ گہ ذوق طلب از جستجو بازم نہ داشت
دانہ می چیدم دراں روزے کہ خرمن داشتم
والسلام‘‘
(۱۶؍اپریل ۲۰۲۱ – صبح پانچ بج کر انچاس منٹ)
کتاب میں مولانا کا یہ خط شامل کرنے کا ارادہ ہوا اور یہ خیال بھی آیا کہ کسی طرح مولانا کو لکھنے کے لیے راضی کریں گے ان شاء اللہ۔
اب نہ یہ خیال کسی کام کا ہے اور نہ ہی یہ ارادہ کہ ان سے بات کی جائے۔ اور نہ ہی غلطی سے ان کا کوئی میسج بھی آنے کا امکان ہے جیسا پرسوں آیا تھا۔
وفات کی خبروں کا ایک ڈراونا سلسلہ ہے۔ دل میں ایک عجیب سا ڈر بسا رہتا ہے کہ کیا پتہ کس کی خبر آجائے۔ کل صبح نو بجے ایک التجا نظر سے گزری کہ ’’اردو ادب کی چار اہم معتبر شخصیات مولا بخش، انجم عثمانی، مشرف عالم ذوقی اور اسلم جمشید پوری کی مکمل صحت یابی کے لیے اللہ کی بارگاہ میں دعائیں کیجیے‘‘۔ دو ہی گھنٹے بعد مشرف عالم ذوقی صاحب کی وفات کی خبر آگئی۔ آج صبح انجم عثمانی صاحب بھی چلے گئے۔ اور ابھی رات آٹھ بجے خبر ملی کہ مشرف عالم ذوقی صاحب کی اہلیہ تبسم فاطمہ بھی چل بسیں۔
مولانا خالد صاحب سے کیا تعلق تھا مگر جب سے خبر ملی ہے عجیب سی کیفیت ہے۔ وفات کی خبروں کا ڈر بہت بڑھ گیا ہے۔ غموں کا ایک سلسلہ ہے، من پر اس کا بوجھ ہے اور دل ڈرا ڈرا سا۔ اللہ خیر کرے۔ ہم سب کو وباؤں اور بلاؤں سے بچائے، ہمارے مریضوں کو شفا دے اور مرحومین کو بخشے جنت الفردوس میں جگہ دے۔

1
آپ کے تبصرے

3000
1 Comment threads
0 Thread replies
0 Followers
 
Most reacted comment
Hottest comment thread
1 Comment authors
newest oldest most voted
ارشادالحق روشاد

آمین یارب